ریاستِ قطر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت بریگیڈیئر حمد محمد المریخی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرانزک لیبارٹری ڈیپارٹمنٹ کر رہے تھے۔
وفد کا استقبال ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے سینئر افسران کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی اے این ایف نے انسدادِ منشیات کے میدان میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قطر کی فعال شراکت کو سراہا۔
دورے کے دوران قطری وفد کو اے این ایف کی کارکردگی اور آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی، جس کے بعد دوطرفہ مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں انسدادِ منشیات آپریشنز، فرانزک تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے، خصوصاً نوجوانوں پر اس کے منفی اثرات، کے تدارک کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر منشیات فروش نیٹ ورکس کے خلاف مربوط کارروائی اور غیر قانونی ترسیلی راستوں کے سدباب پر زور دیا۔
فریقین نے 2025 کے دوران پاکستان اور قطر کے بڑھتے ہوئے تعاون، بالخصوص اپریل 2025 میں منعقدہ جی سی سی کانفرنس کے بعد ہونے والی پیش رفت، کو دوطرفہ مضبوط تعلقات کی علامت قرار دیتے ہوئے منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔