انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے: پی ٹی آئی

image

تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان نے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کے لیے کہا ہے۔

جمعرات کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمر ایوب اُن کی جماعت کی جانب سے وزارت عظمٰی کے عہدے کے امیدوار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کے لیے کہا ہے۔ مجھے ٹاسک دیا گیا ہے۔‘

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ’احتجاج کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے، ان میں مولانا فضل الرحمان اور عوامی نیشنل پارٹی بھی کی قیادت بھی شامل ہیں۔‘

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ ’ہم اسمبلی میں بیٹھیں گے، قانونی جنگ بھی لڑیں گے اور عوام میں بھی جائیں گے۔ ایک دو روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے اس کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ دھاندلی کے خلاف احتجاج کریں گے۔  ’فارم 45 کے بعد فارم 47 میں نتائج بدلے گئے۔‘

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کی اجازت سے عمران خان سے ملاقات کی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ’اس قسم کا الیکشن کبھی کسی نے دیکھا ہے کہ ہمیں مہم نہیں چلانے دی گئی۔ ہمارے امیدواروں اور ووٹرز کو جیلوں میں ڈالا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’چیف جسٹس سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ملک میں آئین و قانون پر عمل کرایا جائے۔‘

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان میں الیکشن کے حوالے سے مزید بات کرنی چاہیے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے پیغام دیا کہ امریکہ نے ہمیشہ آمروں اور کرپٹ لوگوں کی سرپرستی کی ہے۔‘

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’امریکہ پوری دنیا میں جمہوریت کا راگ الاپتا ہے اُن کو ذمہ داری یاد دلا رہے ہیں۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US