اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):پاکستان سول ایویشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سی اے اے ایکٹ 2023 قوانین کے مطابق پائلٹس لائسنسز کے اجرا یا تجدید کا عمل جاری ہے ، لائسنس اجرا یا تجدید کے عمل میں مروجہ قوانین کی سختی سے پیروی کی جاتی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ یہ کہنا کہ پائلٹس گراؤنڈ ہوگئے یا اجرا/تجدید کا عمل رکا ہوا ہے محض مبالغہ آرائی ہے۔مقامی ایئر لائنز غیر ملکی پائلٹس کی خدمات حاصل کرتی ہیں اور یہ سی اے اے قوانین کے تحت جائز ہے۔وزارت داخلہ سے کلیئر ہونے کے بعد ان غیر ملکی پائلٹس کو اپنا ورک ویزا مل جاتا ہے اور بعد میں انہیں تصدیقی سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ (پی سی اے اے۔اے این او)قواعد و ضوابط کی پیروی کی جا رہی ہے۔ایئر لائنز کی درخواستوں پر قوانین کے مطابق غیر ملکی پائلٹس کی توثیق کی تجدید کی جاتی ہے۔