اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں طلبہ کو بامعنی اور سماجی و معاشرتی مسائل سے وابستہ تحقیق کی جانب راغب کرنے اور تعلیم میں جدید رجحانات کی آگہی کے لئے ’’ریسرچ اینڈ پریکٹسز ان ایجوکیشن‘‘کے موضوع پر2روزہ ساتویں عالمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں بین الاقوامی ماہرین کے علاوہ پاکستان کی مختلف جامعات سے کثیر تعداد میں سکالرز شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کےمہمان خصوصی اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب افتتاحی تھے۔
ٹوکیو جاپان کے پروفیسر ڈاکٹر کیچی اویاسو اور کراچی کی ڈاکٹر فاطمہ ریحان ڈار افتتاحی سیشن کے کلیدی مقررین تھے۔ڈاکٹرامجد ثاقب نے کہا کہ کائنات کی خوبصورتی علم میں پوشیدہ ہے اور وہ علم بے سود ہے جس میں زمینوں، سمندروں، پہاڑوں میں انسان کی بہتری کے لئے موجود بے شمار چھپی ہوئی چیزوں کو منظر عام پر نہ لایا جاسکے۔ انہوں نے تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سوچنے کی حدود کووسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ طلبہ اپنی تحقیق کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے کائنات کے افق کو سمجھنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ کائنات کو خوبصورت بنانا ہماری تحقیق کا محور ہونا چاہئے۔ انہوں نے پائیدار ترقی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اِن اہداف کی جانب ہماری توجہ قرآن پاک اور احادیث نے مبذول کرائی ہے۔ وائس چانسلر عالمہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے 21ویں صدی کے تقاضوں اور چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم تعلیم یافتہ اور ہنر مند معاشرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ 2030قریب ہے اور ہم ابھی تک پائیدار ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اِن اہداف کے حصول کے لئے ہمیں طلبہ میں تخلیقی صلاحیتیں، تنقیدی سوچ، تعاون اور انکلوسیو اپروچ کے جذبے کو اجاگر کرنا ہوگا۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑے چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران سکالرز ایسے موضوعات پر گفتگو کریں جوہمارے لئے اور آنے والی نسلوں کے لئے مفید ہوں۔وائس چانسلر نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد محققین کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ باہمی مکالمے سے تعلیم اور تحقیق کے میدان میں ہونے والی پیشرفت سے ایک دوسرے کو آگاہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس تعلیم کے شعبے میں ملکی و بین الاقوامی جامعات کے باہمی اشتراک و تعاون کی نئی راہیں ہموار کرے گی۔آخر میں وائس چانسلر نے اعلان کیا کہ جس شہر میں اخوت فوڈ بینک قائم ہے،اخوت فاؤنڈیشن کے تعاون سے اُس شہر کے سکول سے باہر بچوں کو مفت تعلیم فراہم کریں گے۔کانفرنس کوآرڈینیٹرڈاکٹر نوید سطانہ نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔