سانحہ9 مئی کیس، اپوزیشن لیڈر احمد بھچر سمیت دیگر کو 10 سال قید

image

انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی کے سانحے سے متعلق تھانہ موسیٰ خیل میں درج ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور درجنوں کارکنان کو سخت سزائیں سناتے ہوئے انہیں مجرم قرار دے دیا۔

عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر، رکنِ قومی اسمبلی رانا بلال اور احمد چٹھہ سمیت تمام مرکزی ملزمان کو 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ پی ٹی آئی کے 80 کارکنان کو بھی مجرم قرار دے کر 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

یہ مقدمہ نمبر 72/2023 تھانہ موسیٰ خیل میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے تناظر میں درج کیا گیا تھا جس میں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل تھے۔

فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے وکلاء نے عدالتی فیصلے کو سیاسی فیصلہ قرار دے دیا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت سے 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس میں سنائی گئی 10 سال قید کی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ملک احمد بھچر کا کہنا ہے کہ عدالت نے سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمے کا آئین سے ہٹ کر فیصلہ دیا اور میرے خلاف قانونی ضابطے پورے کیے بغیر سزا سنائی گئی۔

انہوں نےکہا کہ چھبسویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتیں حکومت کے تابع ہو چکی اور انہیں اس طرح کے فیصلوں کی پہلے سے توقع تھی۔

ملک احمد بھچر نے واضح کیا کہ جیسے ہی عدالت کا تحریری فیصلہ موصول ہوگا وہ وکلاء سے مشاورت کے بعد لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow