تربت: سات سالہ بچے پر انسداد دہشتگردی کا مقدمہ، عدالت سے ضمانت منظور

image

تربت میں انسدادِ دہشت گردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) نے سات سالہ صہیب ولد خالد پر دہشت گردی میں معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔

بچے پر الزام ہے کہ اس نے انسانی حقوق کے کارکن گلزار دوست بلوچ کی مبینہ ریاست مخالف تقریر کو ٹک ٹاک پر شیئر کیا، جسے "اشتعال انگیز مواد" قرار دیا گیا۔ منگل کے روز صہیب کے والد اسے ضمانت کے لیے انسدادِ دہشت گردی عدالت لے کر آئے، جہاں معزز جج نے انصاف کے تقاضے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض صہیب کی ضمانت منظور کرلی۔

صہیب کی عمر صرف سات سال ہے، اور انسانی حقوق کے کارکنان اور قانونی ماہرین اس اقدام کو "بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی" اور "قانون کے غلط استعمال کی مثال" قرار دے رہے ہیں۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عمر کے بچے پر دہشت گردی کی دفعات لاگو کرنا نہ صرف قانونی اعتبار سے متنازعہ ہے بلکہ اخلاقی اور انسانی سطح پر بھی قابلِ مذمت ہے۔

یاد رہے کہ گلزار دوست بلوچ جو لاپتہ افراد کی بازیابی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں، کو گزشتہ ماہ ایک احتجاجی مظاہرے میں مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت تربت سینٹرل جیل میں قید ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow