پاکستان وزارتِ تجارت نے افغانستان کے ساتھ تجارتی و ٹرانزٹ تعاون کے سلسلے میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے افغان رجسٹرڈ گاڑیوں کے منسوخ شدہ ٹرانزٹ ایگریمنٹ دستاویزات کی مدت 31 اگست 2025 تک بڑھا دی ہے۔ یہ فیصلہ کابل میں موجود پاکستانی سفارتخانے کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔
وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اگست 2025 سے افغانستان کے ڈرائیوروں اور کلینرز کو پاکستان میں داخلے کی اجازت صرف درست ویزا کی موجودگی میں دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے آن لائن ڈرائیور رجسٹریشن سسٹم کا بھی اطلاق آج اگست سے کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ اقدام سرحدی سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور ٹرانزٹ سسٹم کو منظم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
وزارتِ تجارت نے اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ان فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ پاک افغان بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر تجارتی ٹریفک کا بہاؤ بغیر رکاوٹ جاری رہے۔