ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
سنیچر کو برمنگھم میں جنوبی افریقہ نے 195 رنز کا ہدف 17 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے 120 اور جے پی ڈومنی نے 50 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے شرجیل خان 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ کامران اکمل دو، کپتان محمد حفیظ 17، شعیب ملک 20، اور آصف علی 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر امین 36 اور عامر یامین دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم فائنل سے قبل ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی تھی جبکہ سیمی فائنل میں انڈیا کی جانب سے میچ سے دستبرداری کے بعد پاکستان نے براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز کیا ہے؟َ
ڈبلیو سی ایل ٹی20 کرکٹ فارمیٹ پر مبنی ایک ٹورنامنٹ ہے جو ہر سال انگلینڈ میں منعقد ہوتا ہے اور اسے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منظوری حاصل ہے۔
یہ ٹورنامنٹ ریٹائرڈ اور غیرکنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتا ہے جن کا تعلق کرکٹ کی بڑی ٹیموں جیسے پاکستان، انڈیا، انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سے ہوتا ہے۔
سنہ 2024 میں ڈبلیو سی ایل کا پہلا سیزن کھیلا گیا تھا، تاہم اب یہ ایونٹ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر چکا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی، یووراج سنگھ، کیون پیٹرسن، بریٹ لی، ایئن مورگن اور کرس گیل جیسے معروف سابق کرکٹرز نے شرکت کی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون:
اس میچ میں شرجیل خان، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ (کپتان)، آصف علی، شعیب ملک، عماد وسیم، عمر امین، عامر یامین، سہیل تنویر، رومان رئیس اور سعید اجمل پاکستان چیمپئنز کا حصہ تھے۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں ہاشم آملہ، جے جے سمٹس، مورنے وین وک (وکٹ کیپر)، سارل ایروئی، جے پی ڈومنی، وین پارنیل، اے بی ڈی ویلیئرز (کپتان)، ہارڈس ولجون، جیکس روڈولف، ایرون فینگیسو، عمران طاہر اور ڈوان اولیویئر جنوبی افریقہ چیمپئنز میں شامل تھے۔