ایشیا کپ کی کوریج کے لیے پاکستانی صحافیوں کو مشکلات کا سامنا۔۔ محسن نقوی بے بس

image

ایشیا کپ کی کوریج کے سلسلے میں پاکستانی صحافیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حیران کن طور پر صرف پانچ پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سات سے آٹھ افسران دبئی پہنچ چکے ہیں۔

پاکستانی صحافیوں کا شکوہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ جو بھی اکریڈیشن کے لیے درخواست دے گا اسے ویزا جاری کیا جائے گا، مگر اب تک ایسا کچھ نہیں ہوا اور صرف محدود صحافیوں کو ہی ویزے مل سکے ہیں۔

یاد رہے کہ محسن نقوی، جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہونے کے ساتھ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں، اس پورے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ بورڈ کی جانب سے سابق کپتان سرفراز احمد، انٹرنیشنل کرکٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ عثمان والا، پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر اور دیگر افسران دبئی میں موجود ہیں۔

ایمریٹس کرکٹ بورڈ، جو ایشین کرکٹ کونسل کے لیے میچز آرگنائز کر رہا ہے، بھی اس سلسلے میں صحافیوں کی کوئی مدد کرنے سے قاصر رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی صحافیوں کو اس سے قبل 2023 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کی کوریج کے دوران بھی ویزے کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور اس وقت بھی پاکستان کرکٹ بورڈ بے بس دکھائی دیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US