گورنر سندھ نے مونس علوی کو حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کردیا۔
کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کی جانب سے صوبائی محتسب کے فیصلے کے خلاف گورنر سندھ میں درخواست جمع کرائی گئی تھی جس میں ان سے فیصلہ معطل کرنے کی اپیل کی گئی تھی تاہم گورنر سندھ نے حکم امتناع جاری نہیں کیا۔
گورنر ہاؤس کے جاری اعلامیے کے مطابق قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے 11 اگست کو مکمل سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے جس میں فریقین کو سنا جائے گا فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز ابتدائی سماعت میں مونس علوی اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے جب کہ شکایت کنندہ مہرین عزیز طبیعت کی ناسازی کی بنا پیش نہیں ہوئی، مہرین عزیز خان کے وکیل نے انتہائی کم وقت میں طلبی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کو صوبائی محتسب نے ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی کو عہدے سے برطرف کرنے اور 25 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا تھا اس فیصلے کے خلاف مونس علوی نے سندھ ہائی کورٹ اور گورنر سندھ سے رجوع کیا تھا سندھ ہائی کورٹ نے فیصلہ معطل کردیا تھا جب کہ گورنر سندھ کے سامنے اس معاملے پر 11 اگست کو سماعت ہوگی۔