ہیروشیما پر ایٹم بم حملے کو 80 سال مکمل

image

آج 6 اگست کو جاپان کے شہر ہیروشیما پر ایٹم بم حملے کو 80 سال مکمل ہو گئے وہ ہولناک دن جب انسانی تاریخ کا پہلا ایٹمی حملہ ہوا۔ دوسری عالمی جنگ کے آخری ایام میں 6 اگست 1945 کو امریکا نے ہیروشیما پر ایٹم بم گرایا جس سے ابتدائی طور پر 78 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے جب کہ بعد ازاں بم کے مضر اثرات سے ہزاروں مزید جان کی بازی ہار گئے۔

اس خوفناک حملے کے محض تین دن بعد 9 اگست کو ناگاساکی پر دوسرا ایٹم بم گرایا گیا اور بالآخر 15 اگست کو جاپان نے ہتھیار ڈال دیے جس کے ساتھ ہی دوسری عالمی جنگ کا خاتمہ ہوا۔

ہیروشیما اور ناگاساکی میں ہر سال یہ دن یادگار تقاریب کے ساتھ منایا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر سے لوگ شرکت کرتے ہیں۔ اس سال بھی ہیروشیما میں بڑی تعداد میں لوگ امن کے لیے جمع ہوئے۔

ایٹمی حملے میں بچ جانے والے افراد کو جاپان میں ہیباکوشا کہا جاتا ہے۔ جاپانی حکومت کے مطابق اس سال زندہ ہیباکوشا کی تعداد 99,130 ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7,695 کم ہے۔ ان افراد کی اوسط عمر اب 86.13 سال ہو چکی ہے۔

ہیروشیما کے میئر کازومی ماتسوئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے سیاسی رہنما اس گمراہ کن خیال کی طرف بڑھ رہے ہیں کہ قومی تحفظ کے لیے جوہری ہتھیار ضروری ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ رجحان ماضی کے سبق کو مٹانے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

میئر نے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ ہیروشیما کا دورہ کریں اور ایٹم بم کے تباہ کن نتائج کا خود مشاہدہ کریں تاکہ دنیا ایک بار پھر ایسی تباہی کی طرف نہ بڑھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US