پشاور : یونیورسٹی ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، تنخواہوں اور پنشن کیلئے 5 ارب 22 کروڑ جاری

image

حکومت خیبرپختونخوا نے مالی بحران کا شکار صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلئے 5 ارب 22 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس رقم میں سے 3 ارب 60 کروڑ روپے پنشنرز کی واجبات کی ادائیگی کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ صوبے کی کئی یونیورسٹیاں گزشتہ کئی ہفتوں سے شدید مالی بحران کا شکار تھیں جس کے باعث اساتذہ، ملازمین اور پنشنرز تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی پر سراپا احتجاج تھے۔

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور جامعات کو مالی خودمختاری دینے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کی سینیٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ فنڈز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اجلاس میں باقاعدہ قرارداد منظور کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US