عالمی جریدوں میں فیلڈ مارشل کی قیادت کا اعتراف، مردِ آہن قرار

image

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور ملٹری ڈپلومیسی کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں فیلڈ مارشل کو "مردِ آہن" قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر انتہائی مضبوط اعصاب کے مالک اور مشکل فیصلے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے امریکی سینٹرل کمانڈ اور پینٹاگون سے تعلقات بحال کیے اور انہیں امریکا میں جنوبی ایشیا کی سلامتی کے حوالے سے انتہائی بااثر ترین شخصیت سمجھا جا رہا ہے۔

واشنگٹن ٹائمز نے لکھا کہ فیلڈ مارشل ایک پیشہ ور، خاموش طبع اور نظم و ضبط کے پابند فوجی افسر ہیں جنہیں نہ خودنمائی کی خواہش ہے اور نہ ہی سیاست میں کوئی دلچسپی۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کی عوامی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا اور ان کی قائدانہ صلاحیتیں انہیں صدر ٹرمپ کے لیے ایک فطری اسٹریٹجک شراکت دار بناتی ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت کے ساتھ بگڑتے تعلقات کے تناظر میں فیلڈ مارشل کی ٹرمپ سے ملاقات نہایت اہم رہی۔ صدر ٹرمپ نے مداخلت کرکے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کرائی جس پر پاکستان نے ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ثالثی کی پیشکش مسترد کر دی۔

عاصم منیر نے افغانستان اور ایران سے لاحق خطرات کے مقابلے کے لیے مؤثر فوجی حکمت عملی تشکیل دی اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی ڈپلومیسی کے نتیجے میں پاک امریکا تعلقات بالخصوص انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مزید مستحکم ہوئے۔ پاکستان نے کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا جس پر صدر ٹرمپ نے پاکستانی کاوشوں کو سراہا۔

دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوچکے ہیں اور اس کا کریڈٹ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کو جاتا ہے۔ امریکی تھنک ٹینک یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے ماہر ڈاکٹر ڈینیئل مارکی کے مطابق پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعلقات کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے جن میں عسکری، توانائی اور تجارتی شعبوں میں تعاون شامل ہے۔

اسی طرح دی اکانومسٹ نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا معمار قرار دیتے ہوئے ان کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کو خطے میں سفارت کاری کا نیا موڑ قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US