پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی کے تناظر میں اپنے قائدین کو سنائی گئی سزاؤں کے بعد اہم فیصلے کر لیے۔بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات واضح کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔
پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے فوری طور پر علیحدگی کا بھی اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے تجویز بھی زیر غور ہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں پارٹی نمائندگان بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں۔ فی الحال بیرسٹر گوہر اور علی ظفر پی ٹی آئی کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور پارلیمنٹیرین جوڈیشل کمیشن کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد درج مقدمات میں تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں جس کے بعد پارٹی کی صفوں میں نئی سیاسی صورتحال نے جنم لیا ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تحریک انصاف کے ارکان میں پارلیمانی کمیٹیوں سےاستعفوں کے معاملے پر ابہام پایا جاتا ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے محض حکومتی کمیٹیوں سے استعفے کا کہا ہے اور سیاسی کمیٹی نےبانی پی ٹی آئی کے پارلیمانی کمیٹیوں کےاستعفے کوپی اے سی کے ساتھ بھی جوڑا۔