اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کے گھر ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا ڈاکا پڑ گیا۔
تھانہ شہزاد ٹاؤن میں ڈرائیور جاوید اقبال کی مدعیت میں ایف آئی آر 1164/25 درج کرلی گئی۔ مقدمہ مدعی کے بیان کے مطابق آدھی رات کو تین مسلح ڈاکو عقب کی دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے، ڈاکوؤں نے چوکیدار محمد اعظم کو پسٹل کا دستہ مار کر کمرے میں لے گئے اور گھر کا صفایا کردیا۔
ڈاکو مجموعی طور پر ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان جس میں پانچ قیمتی گھڑیاں، چشمے اور جوتے کے جوڑے اور ان سلے کپڑے بھی لے گئے۔
چوکیدار کا کہنا ہے کہ ڈاکو حلیے سے افغانی معلوم ہو رہے تھے۔ اسلام آباد پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران میرے گھر میں ڈالی گئی چوری کی واردات کے حوالے سے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے میرا لوٹا ہوا مال واپس دلائیں اور ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچائے۔