وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا بیجنگ پبلک سیکیورٹی پاسپورٹ بیورو کا دورہ

image

بیجنگ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پبلک سیکیورٹی کے پاسپورٹ بیورو کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل سن یو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ایگزٹ انٹری ایڈمنسٹریشن بیورو کے مختلف سیکشنز کا مشاہدہ کیا اور چین کے پاسپورٹ بنانے اور امیگریشن سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہیں پاسپورٹ کی درخواست سے لے کر پرنٹنگ تک کے تمام مراحل اور امیگریشن پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی کو چین میں آنے والے غیر ملکی شہریوں کی آمد، قیام اور واپسی کے نظام سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہیں ون ونڈو سہولت کے تحت پاسپورٹ اور امیگریشن کے تیز رفتار پراسیس سے بھی متعارف کرایا گیا، جس پر وزیر داخلہ نے چین کے ایگزٹ انٹری سسٹم کی افادیت، مؤثریت اور تیز رفتاری کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں بھی پاسپورٹ اور امیگریشن نظام کو تیز رفتار اور فول پروف بنایا گیا ہے اور جعلسازی روکنے کے لیے پاسپورٹ میں سیکیورٹی فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جدید انٹری ایگزٹ کنٹرول سسٹم بھی بیجنگ ماڈل کی طرز پر استوار ہے اور آن لائن درخواست کے بعد پاسپورٹ 24 گھنٹے میں شہری کو فراہم کر دیا جاتا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیورو ہفتے کے سات دن، 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے اور ملٹی لینگویج رہنمائی نظام کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے لیے پیچیدہ دستاویزات کے عمل کو آسان اور شفاف بنایا گیا ہے۔ ڈیجیٹل ٹریکنگ اور ریئل ٹائم اپڈیٹس کے ذریعے درخواست گزار بروقت پیشرفت سے آگاہ رہتے ہیں۔

دورے کے موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس، ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی سید خرم علی، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US