کراچی میں کون سے 16 مقامات پر سب سے زیادہ حادثات ہوتے ہیں؟ ٹریفک پولیس نے نشاندہی کرتے ہوئے وجوہات بھی بتا دیں

image

کراچی میں ٹریفک حادثات کے اعداد و شمار نے ایک تشویشناک صورتحال واضح کر دی ہے۔ ٹریفک پولیس کی کراٹ (Kraat) ٹیم نے رواں برس ایسے 16 مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں بار بار حادثات پیش آئے ہیں۔ ان پوائنٹس کو ’’بلیک اسپاٹس‘‘ قرار دیا گیا ہے کیونکہ ہر جگہ تین یا اس سے زائد بڑے حادثے ہو چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ان حادثات کی بنیادی وجوہات میں تنگ سڑکوں پر بھاری ٹریفک کی آمدورفت، خستہ حال شاہراہیں، ناقص کراسنگ، موٹرسائیکل سواروں کی ون وے کی خلاف ورزی، اسٹریٹ لائٹس کی کمی، پیدل پل کا نہ ہونا، یوٹرن سے مخالف سمت کا سفر اور ڈرائیورز کی لاپرواہی شامل ہیں۔ پیک آورز میں یہ مسائل مزید خطرناک صورت اختیار کر لیتے ہیں۔

شہر کے مختلف اضلاع میں ان خطرناک مقامات کی فہرست تیار کی گئی ہے۔ ضلع سینٹرل میں 4، ضلع ایسٹ میں 1، ضلع ویسٹ میں 3، ضلع کورنگی میں 3 اور ضلع ملیر میں 5 پوائنٹس کو ’’ہائی رسک زون‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ ان میں لیاقت آباد کے ایس ایم توفیق روڈ اور حکیم ابن سینا روڈ، سرجانی کا نادرن بائی پاس، عزیز بھٹی کا سر شاہ سلیمان روڈ، شیرشاہ کا اسٹیٹ ایوینیو، بلدیہ کا نادرن بائی پاس، سائٹ ایریا کا غنی چورنگی، کورنگی کے بلال چورنگی اور کراسنگز، لانڈھی انڈسٹریل ایریا اور گلزار ہجری سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ بہتر اسٹریٹ لائٹس، پیدل پل، سڑکوں کی مرمت اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد حادثات میں کمی لا سکتے ہیں۔ بصورتِ دیگر یہ ’’بلیک اسپاٹس‘‘ شہریوں کی زندگیوں کے لیے مستقل خطرہ بنے رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US