پانی پینے کے لیے فریج کھولنا کمسن ملازمہ کا جرم ٹھہر گیا، بدترین تشدد

image

اسلام آباد میں ٹھنڈا پانی پینے کے لیے فریج کا دروازہ کھولنے والی کمسن ملازمہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔

غربت اور مجبوری کے ہاتھوں گھریلو ملازمہ بننے والی کمسن مسکان ایک سال تک اپنے مالکان کے ظلم و ستم سہتی رہی۔ بھوک اور پیاس کی شدت سے مجبور ہو کر جب ننھی مسکان نے پانی پینے کے لیے فریج کھولا تو یہ عمل بھی اس کے "جرم" میں شمار کیا گیا اور اس پر بہیمانہ تشدد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ننھی مسکان کو ایک سال قبل گھریلو ملازمہ کے طور پر ملازمت پر رکھا گیا تھا، مگر اس دوران اسے نہ پیٹ بھر کر کھانے کو دیا گیا بلکہ سکون سے پانی تک پینے کی اجازت بھی میسر نہ تھی۔ معصوم بچی کو آئے روز ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ زیادتی اور ظلم سے تنگ آ کر بالآخر ننھی مسکان پڑوسی کے گھر پناہ لینے جا پہنچی۔ اس کی حالت زار دیکھ کر اہل محلہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی اور تشدد کے مرتکب میاں بیوی کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کردیا۔ اہل علاقہ نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی معصوم بچہ اس قسم کے ظلم کا شکار نہ ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US