خیبر پختونخوا کی تحصیل درگئی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 3 راہگیروں سمیت 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق جھگڑا زبانی تکرار کے بعد شروع ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں بدل گیا۔ فریقین کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں نہ صرف مخالفین بلکہ راہگیر بھی نشانہ بنے۔
اطلاع ملتے ہی مالاکنڈ لیویز کے دستے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال پر قابو پا لیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر درگئی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
لیویز حکام نے بتایا کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔