وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں یتیموں، بیواؤں اور غریب عوام کی زمینوں پر قبضے کے مکمل خاتمے کے لیے نئی قانون سازی کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بااثر افراد کے ہاتھوں کمزور طبقات کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی جو قبضے سے متعلق مقدمات کا فیصلہ 90 دن کے اندر کرنے کی پابند ہوں گی۔ نئی قانون سازی کے تحت قبضہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے اور 10 سال تک قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب یتیموں، بیواؤں اور غربا کی زمینوں پر قبضہ برداشت نہیں ہوگا حکومت ہر صورت کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق نئی قانونی سازی کا مسودہ جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے غریب اور بے سہارا افراد کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔