امریکا تجارت بند کر دے گا! ٹرمپ نے مودی کو کیوں دی بڑی دھکمی؟

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح طور پر کہا کہ پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے۔

وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی بھارتی وزیراعظم سے ٹیلی فونک بات چیت ہوئی جس میں تجارت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ تجارت کے ذریعے تنازعات حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور اسی پالیسی کے تحت انہوں نے مودی کو باور کرایا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے ماضی میں بھی مختلف ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کیا میں نے تجارت کے ذریعے آٹھ جنگیں رکوا دیں جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل تھی۔

ٹرمپ کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے دوران سات جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے تاہم دونوں ملکوں کے رہنماؤں سے رابطے کے بعد صورتحال قابو میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دونوں ممالک کو کہا اگر آپ نے جنگ کی تو امریکا تجارتی تعلقات ختم کر دے گا جس کے بعد 24 گھنٹوں میں دونوں جانب سے جواب آیا کہ وہ جنگ نہیں چاہتے۔

صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ ان کی مودی سے ہونے والی گفتگو میں تجارت اور روس سے تیل کی خریداری جیسے موضوعات پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت اب روس سے مزید تیل نہیں خریدے گا۔

چین سے متعلق ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ دو ہفتوں میں چینی صدر شی جن پنگ سے کئی معاملات پر بات چیت کریں گے چین کے ساتھ مذاکرات میں ہم اچھا کام کرنے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی کئی بار پاک بھارت کشیدگی میں ثالثی اور ممکنہ جنگ رکوانے کا کریڈٹ لے چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US