پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت اور دیگر ایشیائی ممالک کے کرکٹ بورڈز کو خبردار کیا ہے کہ ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے دیگر رکن ممالک کو باضابطہ خط لکھا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کا کوئی بھی آفیشل یا کھلاڑی دبئی آکر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی وصول کر سکتا ہے۔
پی سی بی نے اپنے مراسلے میں وضاحت کی ہے کہ ٹرافی 10 نومبر کو دی جا سکتی ہے جس کی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باقاعدہ کوریج کی جائے گی۔
یہ خط اس وقت لکھا گیا جب بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل اور پی سی بی کو مراسلہ بھیج کر مؤقف اختیار کیا تھا کہ بھارت ایشیا کپ کا حقیقی فاتح ہے اور محسن نقوی کو ٹرافی روکنے کا کوئی حق نہیں۔
پی سی بی نے اپنے جواب میں بی سی سی آئی کے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ نے یا ایشیا کپ کی کسی آرگنائزنگ کمیٹی نے پیشگی اطلاع نہیں دی تھی کہ بھارتی ٹیم چیئرمین پی سی بی سے ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ یہ معاملہ آئی سی سی کی آئندہ میٹنگ میں اٹھائے گا۔