شہرِ قائد میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں کے خلاف شہریوں نے خود کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ مختلف علاقوں میں فائرنگ اور مقابلوں کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پرانا حاجی کیمپ گلی نمبر ایک کے قریب چائے کے ہوٹل پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہوٹل کے مالک نے مقتول کو ڈاکو سمجھ کر فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد ہوٹل کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب کورنگی چکرا گوٹھ میں لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑ لیا۔ عوام کے تشدد اور فائرنگ سے ایک ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس نے زخمی ڈاکو کو گرفتار کر لیا۔
اسی دوران گڈاپ سٹی میں پولیس مقابلے کے بعد 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جبکہ شہید ملت روڈ پر بھی پولیس مقابلہ ہوا جس میں 2 دیگر ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ادھر ڈیفنس فیز 6 میں ایک شہری نے اسٹریٹ کرائم کی کوشش ناکام بنا دی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے شہری پر پستول تاننے کی کوشش کی تو شہری نے دھکا دے کر ملزم کو نیچے گرا دیا۔ جھڑپ کے دوران ملزم کا پستول زمین پر گر گیا جسے شہری نے اٹھا کر خود لوڈ کیا۔ دونوں ملزمان موٹر سائیکل اور پستول چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔