پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو کس کے فلیٹ سے حراست میں لیا گیا؟

image

اسلام آباد ایف 10 سے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی فلک جاوید کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ والد کی جانب سے بازیابی کے لیے عدالت رجوع کرلیا گیا جبکہ فلیٹ کے مالک معروف قانون دان کا مؤقف بھی سامنے آگیا۔

نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فلک جاوید کے خلاف پہلے بھی کئی مقدمات درج ہوچکے ہیں، جن میں سے بعض ایف آئی آرز لاہور میں بھی رجسٹرڈ ہیں۔

ذرائع کے مطابق فلک جاوید اس وقت اداروں کی تحویل میں ہیں اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔

عہدے دار نے مزید کہا کہ فلک جاوید کے خلاف درج مقدمات میں مختلف نوعیت کے الزامات شامل ہیں اور تفتیش کے دوران ان کی تفصیلات عدالت کے سامنے رکھی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق یہ گرفتاری بظاہر معمولی واقعہ نہ تھی کیونکہ جس فلیٹ سے ملزمہ کو حراست میں لیا گیا وہ پاکستان کے معروف آئینی ماہر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ کے زیر استعمال تھا۔

بتایا گیا ہے کہ مذکورہ فلیٹ انہوں نے کرائے پر لے رکھا تھا۔ گرفتاری کی وجوہات اور پس منظر کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم یہ واقعہ قانونی اور سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی جبکہ اس گرفتاری کے محرکات اور فلیٹ کے استعمال کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کی بازیابی کے لیے ان کے والد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کرلیا ہے۔ ایڈووکیٹ میاں علی اشفاق اور راجہ قدیر جنجوعہ کے ذریعے دائر کردہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فلک جاوید کو بازیاب کر کے پیش کیا جائے اور غیر قانونی حراست کو کالعدم قرار دیا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست وصول کرلی ہے اور اس پر جلد سماعت متوقع ہے۔

دوسری جانب قانون دان سلمان اکرم راجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلک جاوید گزشتہ تین سال سے ان کے فلیٹ میں کرائے پر مقیم تھی۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق فلک جاوید نے اس فلیٹ کو آگے غیر ملکی شہریوں کو رینٹ پر دے رکھا تھا۔ اگریمنٹ میں فلک جاوید نے تحریر کیا تھا کہ غیر ملکی شہری اس کے ساتھ امپورٹ ایکسپورٹ کے کاروبار سے وابستہ ہیں، تاہم انہیں یہ علم نہیں کہ اس کاروبار میں کون سی اشیاء شامل تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ فلک جاوید فلیٹ میں موجود غیر ملکی شہریوں کی مہمان کے طور پر رہائش پذیر تھی اور وہ خفیہ اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران گرفتار ہوئی۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ فلیٹ کے کرایہ داری معاہدے کے تمام کاغذات موجود ہیں اور وہ اس حوالے سے تفتیشی اداروں کو مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فلک جاوید اور غیر ملکی شہریوں کی گرفتاری کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچا جاسکے۔ ادھر سیاسی و سماجی حلقے اس پیش رفت کو اہم قرار دے رہے ہیں اور اس پر مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US