وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر کا دورہ کیا جہاں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، اسلام آباد میں راستوں کی بندش اور حالیہ سیاسی معاملات پر اہم مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ اور سینئر رہنما رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان جاری سیاسی اختلافات اور کشیدگی پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں جماعتوں نے سیاسی ہم آہنگی کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان فاصلے تاحال برقرار ہیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت کے اتحادیوں کے درمیان یہ تناؤ مستقبل کی سیاسی حکمتِ عملی اور پارلیمانی تعاون پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب ملاقات میں وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی اور انتظامی حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں اسلام آباد میں سیکیورٹی مزید سخت کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔