جب تک سموسہ کاٹے گا چٹنی ایکسپائر ہوجائے گی۔۔ چھری کانٹے سے سموسہ کیسے کھائیں؟ ویڈیو کے سوشل میڈیا پر چرچے

image

"اگر کوئی آپ کو سموسہ چمچ اور کانٹے سے کھانے کو کہے، تو فوراً وہاں سے بھاگ جائیں!"

"جب تک آپ پہلا نوالہ لیں گے، چٹنی ریٹائر ہو جائے گی!"

"بھائی! سموسہ ہے، اسٹییک نہیں!"

یہ وہ تبصرے ہیں جو بھارت کے شہر ناگپور کے ایک ایٹی کیٹ کوچ امول پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کیے جا رہے ہیں اور وجہ ہے ایک وائرل ویڈیو جس میں وہ اپنے طلبہ کو چمچ اور کانٹے سے سموسہ کھانے کا ’مہذب‘ طریقہ سکھا رہے ہیں۔

ویڈیو میں امول پوری سنجیدگی کے ساتھ کلاس کے سامنے کھڑے ہیں، اور چاقو سے سموسہ کاٹ کر بتا رہے ہیں کہ اسے کس زاویے سے پلیٹ پر رکھنا ہے اور کس طرح کانٹے سے نوالہ اٹھانا ہے۔ لیکن ان کی یہ سنجیدگی سوشل میڈیا صارفین کے لیے مزاح کا سامان بن گئی۔

یہ ویڈیو امول نے خود اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، مگر جیسے ہی یہ ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر پہنچی، مزاحیہ تبصروں اور میمز کی برسات شروع ہوگئی۔ صارفین نے کہا کہ یہ "انڈین اسٹریٹ فوڈ کلچر کو ویسٹرن بنانے کی ناکام کوشش" ہے، اور "کھانے کی اصل خوشی ختم کرنے والا عمل"۔

کچھ صارفین نے تو ہاتھ سے سموسہ توڑنے، چٹنی میں ڈبونے اور انگلیاں چاٹنے کے دیسی انداز کو ’پراپر ایٹی کیٹ‘ قرار دیا۔

یوں لگتا ہے کہ جہاں امول سموسے کو مہذب طریقے سے کھانے کا سبق دے رہے تھے، وہیں سوشل میڈیا نے انہیں یاد دلایا کہ دیسی کھانوں کا اصل مزہ صرف ہاتھ سے کھانے میں ہے کیونکہ سموسہ کبھی کانٹے سے نہیں، دل سے کھایا جاتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US