لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے نوجوان سی ای او جون ہو کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ نے دنیا بھر میں ورک کلچر پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ جون ہو ہر ہفتے تقریباً 3 ہزار ڈالر خرچ کرکے اپنی 30 رکنی ٹیم کے لیے بہترین لنچ کا اہتمام کرتے ہیں، جسے وہ خرچ نہیں بلکہ اپنی زندگی کی بہترین سرمایہ کاری قرار دیتے ہیں۔
انسٹاگرام پر جاری بیان میں جون ہو نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی والی ٹیم وہی ہوتی ہے جو خود کو اچھا محسوس کرتی ہو۔ ان کے مطابق کارکردگی صرف دباؤ یا سخت نظم و ضبط سے نہیں بلکہ ایسے ماحول سے جنم لیتی ہے جہاں ملازمین کو اعتماد، آزادی اور عزت دی جائے۔
جون ہو کا کہنا ہے کہ کمپنی کی اصل طاقت اس کے لوگ ہوتے ہیں اسی لیے ٹیم کے ساتھ وقت گزارنا اور تعلق مضبوط بنانا کامیابی کی بنیاد ہے۔ ان کی اس سوچ کو سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور سراہا اور اسے دیگر اداروں کے لیے ایک مثالی پیغام قرار دیا۔