وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں، امریکا، چین اور جاپان کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں عالمی مالیاتی اداروں کے اجلاس کے دوران امریکا، چین، جاپان اور دیگر ممالک کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے، اصلاحات کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

وزیر خزانہ اس وقت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اجلاسوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے مسلسل چوتھے روز بھی مختلف ممالک کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔

محمد اورنگزیب نے امریکی کانگریس کے رکن فرنچ ہل سے ملاقات میں مالی تعاون، ٹیکنالوجی، اور معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا،چینی نائب وزیر خزانہ سے ملاقات میں آئی ایم ایف معاہدے، پانڈا بانڈز کے اجرا، اور مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے چین سے نیو ڈیولپمنٹ بینک میں پاکستان کی رکنیت کے لیے حمایت کی درخواست بھی کی۔

جاپان کے بینک JBIC کے گورنر سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے ریکو ڈیک منصوبے میں جاپانی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیر خزانہ نے اٹلانٹک کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات جاری ہیں تاکہ محصولات کے نظام کو جدید اور شفاف بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ٹیکس وصولی جی ڈی پی کے 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.24 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل کے نمائندوں سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہوئی ہے جو عالمی سطح پر حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کی علامت ہے۔

جے پی مورگن کے سیمینار میں وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ ملک درست سمت میں جا رہا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ کا یہ دورہ پاکستان کے لیے عالمی اعتماد کی بحالی اور نئی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US