وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عمران خان سے ملاقات کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

image

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کر دی۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل عدالت پہنچے اور اپنی بائیومیٹرک تصدیق مکمل کروا لی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بطور صوبائی چیف ایگزیکٹو، انہیں پارٹی چیئرمین عمران خان سے صوبائی اور سیاسی امور پر مشاورت کی ضرورت ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ صوبے سے متعلق اہم فیصلوں پر رہنمائی حاصل کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق یہ درخواست حکومت خیبرپختونخوا کی قانونی ٹیم نے ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل کی سربراہی میں تیار کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹری برانچ نے درخواست وصول کر لی ہے اور ابتدائی جانچ کے بعد اسے سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

سیاسی حلقوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اس اقدام کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر ملاقات کی اجازت مل جاتی ہے تو یہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ وفاقی سیاست پر بھی اثر ڈال سکتی ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب پی ٹی آئی کی قیادت جیل میں ہے اور صوبائی حکومت سیاسی سمت کے تعین کے لیے رہنمائی کی متقاضی ہے۔

ذرائع کے مطابق عدالت کی اجازت ملنے کی صورت میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آئندہ چند روز میں عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US