فیصلے اب پارلیمنٹ میں نہیں، سڑکوں پر ہوں گے، مولانا فضل الرحمان

image

ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقدہ مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب فیصلے پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ عوامی طاقت کے ذریعے سڑکوں پر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ اپنی حیثیت کھو چکی ہے اور غلام ادارہ بن چکی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد کو جاہل حکمرانوں سے آزاد کرایا جائے گا اور بیس سالہ جدوجہد کے بعد عوام کو ان کا حق واپس دلایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک قرآن و سنت اور عوام کی مرضی کے مطابق نظام کے قیام کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حمایت یافتہ جمہوریت کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ اس کے ذریعے قوم پر غیر ملکی ایجنڈے مسلط کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق معاشرے میں فحاشی و عریانی کو آزادی کے نام پر فروغ دیا جا رہا ہے جسے ختم کرنا لازم ہو چکا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ مفتی محمود کے نظریے کو اپنائیں اور ملک کو اسلامی اصولوں پر استوار کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مزید جنگوں کا متحمل نہیں ہو سکتا جبکہ ٹرمپ امن کے نام پر جنگ مسلط کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ وہ ایک لعنتی ریاست ہے جو امن معاہدوں کی بار بار خلاف ورزی کرتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے حکومت پر کمزور خارجہ پالیسی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق چین کا اعتماد بھی کم ہوتا جا رہا ہے لہٰذا ملک کو اپنی پالیسیوں میں فوری تبدیلی لانا ہو گی۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوری مذاکرات کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US