ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ صوبہ اصفہان میں سرکاری حکام کے ہمراہ سائیکل سواری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو گزشتہ روز کی ہے جب صدر پزشکیان نے مختلف سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اصفہان کی سڑکوں پر سائیکل چلائی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر خوشگوار موڈ میں سائیکل چلا رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ سیکیورٹی اہلکار اور دیگر افسران بھی سائیکلوں پر موجود ہیں۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے ایرانی صدر کے اس اقدام کو سادگی، صحت مندی اور عوامی رویے کی علامت قرار دیا ہے۔ بعض صارفین نے لکھا کہ صدر نے یہ قدم صحت کے فروغ اور ماحولیاتی شعور بیدار کرنے کے لیے اٹھایا۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایرانی عوام نے صدر مسعود پزشکیان کی سادگی اور عوام کے قریب طرزِ عمل کو سراہا جبکہ مبصرین کے مطابق یہ اقدام حکومت کی عوامی رابطے کی ایک مثبت مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔