علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

image

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی نے ایک اہم پیش رفت کے تحت علیمہ خان کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وارنٹ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ملزمہ کو اگلی سماعت پر ہر صورت پیش کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق عدالت نے یہ فیصلہ اس وقت سنایا جب علیمہ خان متعدد بار عدالتی طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔ کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کی جانب سے عدم پیشی عدالتی کارروائی میں رکاوٹ بن رہی ہے جس پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے پولیس حکام کو ہدایت دی ہے کہ علیمہ خان کی گرفتاری کے لیے تمام قانونی اقدامات کیے جائیں اور رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کی جائے۔ علیمہ خان عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور اشتعال انگیزی سے متعلق مقدمے میں نامزد ہیں۔

عدالتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد اگر علیمہ خان نے خود کو عدالت کے سامنے پیش نہ کیا تو پولیس کے پاس گرفتاری کے مکمل اختیارات موجود ہوں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عدالت نے علیمہ خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے تاہم پیش نہ ہونے پر اب انہیں ناقابلِ ضمانت قرار دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US