سینیٹ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس، چیئرمین کا افغان طرزِ عمل پر سخت ردعمل

image

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے چیئرمین سینیٹر محمد طلحہ محمود نے پاک افغان بارڈر کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں مگر افغان رویہ دوستی کے تقاضوں کے منافی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پاکستان نے افغان عوام کے لیے دہائیوں تک اپنے دروازے کھلے رکھے لاکھوں پناہ گزینوں کو رہائش، روزگار اور تحفظ فراہم کیا، لیکن اس کے جواب میں ہمیں ہمیشہ منفی رویہ دیکھنے کو ملا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور سے کراچی تک افغان شہریوں کے ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کاروبار قائم ہیں، مگر پاکستان کے خیرسگالی اقدامات کے باوجود بارڈر پر کشیدگی افسوسناک ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں پر فخر ہے۔

اجلاس کے دوران پی آئی اے کے امور اور نجکاری کے عمل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکریٹری دفاع نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 25 اکتوبر سے مانچسٹر کے لیے براہِ راست پروازیں بحال کردی جائیں گی جب کہ پیرس کے لیے پروازیں جنوری 2025 سے قبل دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر یورپی ممالک کے لیے بھی پروازوں کی بحالی پر کام جاری ہے جس سے پی آئی اے کی سروسز اور آمدن میں بہتری آئے گی۔

کمیٹی نے پی آئی اے کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے، خسارے میں کمی اور فضائی خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے فوری اصلاحی اقدامات کی سفارش کی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ قومی ایئر لائن پاکستان کا چہرہ ہے لہٰذا اس کی بحالی اور شفاف نجکاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US