گجر خان میں تربیتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، پائلٹ زخمی

image

تحصیل گجر خان کے علاقے میں راولپنڈی فلائنگ کلب کا ایک تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث ہنگامی طور پر اتر گیا۔ ذرائع کے مطابق طیارے میں ایک مرد پائلٹ اور ایک خاتون ٹرینی پائلٹ سوار تھے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق پرواز کے دوران طیارے میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو قریبی کھیتوں میں بحفاظت اتار لیا جس سے کسی بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

حادثے کے نتیجے میں پائلٹ اور ٹرینی پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں لیکن دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

فلائنگ کلب کے ذرائع کے مطابق حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ فنی خرابی کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US