پیرس کے لوور میوزیم میں 113 سال بعد چوری کی واردات، انمول زیورات غائب

image

دنیا بھر میں مقبول پیرس کے لوور میوزیم سے انمول زیورات چوری کرلیے گئے۔

فرانسیسی وزیر داخلہ Laurent Nuñez نے ریڈیو انٹرویو کے دوران بتایا کہ چوروں نے لوور میوزیم سے 7 منٹ کے اندر قیمتی زیورات چوری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ایک بڑی ڈکیتی لوور میوزیم کے اپولو روم میں 19 اکتوبر کی صبح ہوئی، چند افراد باہر سے ایک ایلیویٹر استعمال کر کے میوزیم کے اندر داخل ہوئے‘‘۔

انہوں نے بتایا کہ اپولو روم میں فرانسیسی شاہی زیورات اور دیگر نایاب نوادرات موجود ہیں۔

فرانسیسی وزیر داخلہ نے بتایا کہ چوروں نے کھڑکی کو کاٹ کر انمول زیورات چرائے۔ ان کے مطابق یہ واردات 3 سے 4 افراد نے 7 منٹ میں مکمل کی اور موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ ایک ٹیم نے اس جگہ کی مانیٹرنگ کی اور یہ بھی واضح ہے کہ یہ بہت ماہر ٹیم تھی جس نے ہر کام برق رفتاری سے مکمل کیا۔

وزارت داخلہ کے بیان میں بتایا گیا کہ چوری شدہ اشیا کی تفصیلی فہرست مرتب کی جا رہی ہے، جن کی ثقافتی اور تاریخی قدر کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ 'میں پراعتماد ہوں کہ ہم بہت جلد ملزمان کو تلاش کرلیں گے اور تمام سامان کو بازیاب کرالیں گے'۔

فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے پیش آیا اور میوزیم کو وہاں موجود افراد سے خالی کرالیا گیا۔

پیرس کا یہ میوزیم دنیا کے مشہور ترین آرٹ ورکس بشمول مونا لیزا پینٹنگ کا گھر ہے اور اسے 19 اکتوبر کو بند رکھا جائے گا۔

وسطی پیرس کے میئر Ariel Weil نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چوروں نے زبردست منصوبہ بندی کی اور ہمیں یاد نہیں کہ لوور میوزیم کو ایک دہائی سے زائد عرصے سے اس طرح کے کسی واقعے کا سامنا ہوا ہے۔ آخری بار ایسا 1911 میں ہوا تھا جب مونا لیزا کو چرا لیا گیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US