اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی۔ سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور ایک بار پھر عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ کیس کی اگلی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
یاد رہے کہ عدالت اس سے قبل بھی جولائی سے ستمبر کے دوران کئی بار علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے تاہم وہ اب تک پیش نہیں ہوئے۔ سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے ماضی میں وزارتِ اعلیٰ کی مصروفیات کو عدم حاضری کی وجہ بتایا جاتا رہا ہے لیکن اب وہ وزارت سے مستعفی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ سماعت میں علی امین گنڈا پور کے وکیل نے وارنٹ منسوخی کی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے واضح کیا تھا کہ ملزم کی پیشی کے بغیر وارنٹ منسوخ نہیں کیے جا سکتے۔ آج بھی عدالت نے وکیل کی یہی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔