پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر محمود خان اچکزئی کو باضابطہ طور پر نامزد کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں درخواست قومی اسمبلی کے اسپیشل سیکریٹری کو جمع کرا دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی وفد نے اسپیشل سیکریٹری کو اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی سے متعلق تحریری درخواست جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ محمود خان اچکزئی ایوان میں اپوزیشن کی نمائندگی کے لیے بہترین امیدوار ہیں اور وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔
اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے پی ٹی آئی نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے اور اکثریت نے محمود خان اچکزئی کے نام پر اتفاق کیا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو آئینی تقاضوں کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد رسمی منظوری دینے کا اختیار حاصل ہے۔
منظوری کے بعد محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پی ٹی آئی کا یہ فیصلہ آئندہ پارلیمانی سیشنز میں اپوزیشن کی حکمتِ عملی پر براہِ راست اثر ڈالے گا، جبکہ محمود خان اچکزئی کی نامزدگی پارلیمنٹ میں اپوزیشن بلاک کو ایک نئی سمت دے سکتی ہے۔