خطے میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں، ملکی سالمیت کی خلاف ورزی کا جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل

image

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم علاقائی سالمیت پر کسی بھی قسم کی براہِ راست یا بالواسطہ خلاف ورزی کا مضبوط اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے جی ایچ کیو میں 17ویں نیشنل ورکشاپ میں بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے جو باصلاحیت، محبِ وطن اور پُرعزم عوام کی سرزمین ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح پر مبنی حکمتِ عملی کے ذریعے بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے۔

فیلڈ مارشل نے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور بااختیار بنانے میں سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے لیے نوجوانوں کا فعال کردار نہایت اہم ہے ذاتی سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو رد کرکے ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ عناصر، فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈا پھیلا رہے ہیں ریاست ان تمام دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کو ان کے شر سے پاک کیا جا سکے۔

ورکشاپ کا اختتام معلوماتی سوال و جواب کے سیشن پر ہوا جس میں شرکاء نے فیلڈ مارشل کے ساتھ صوبے کی ترقی اور سیکورٹی سے متعلق امور پر تفصیل سے بات چیت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US