کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک G، کوثر نیا زی کالونی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک باپ نے اپنی دو بیٹیوں کو قتل کردیا۔
ایس ایچ او تھانہ حیدری عدیل احمد کے مطابق، ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ اُس نے شک کی بنیاد پر بڑی بیٹی کو قتل کیا۔ اس نے مزید بتایا کہ قتل کا منصوبہ ایک دن پہلے ہی تیار کر لیا تھا۔ جب چھوٹی بیٹی نے یہ واقعہ دیکھ لیا تو اُس نے اسے بھی مار دیا تاکہ حقیقت سامنے نہ آئے۔
ملزم اکبر کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ قرض کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں تھا۔ اُن کے مطابق، قرض خواہوں کی جانب سے بچیوں کو اٹھانے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں، جس کے باعث اُس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
ملزم کی تین شادی شدہ بیٹیوں نے ایک بالکل مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ: اُن کے والد اور بھابھی کے درمیان ناجائز تعلقات تھے۔ وہ محلے کی عورتوں کو ہراساں کرتا تھا۔ وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہا ہے۔ اس نے بلاوجہ ان کی دو کمسن بہنوں کو قتل کر دیا۔ بیٹیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے والد کو سخت سے سخت، عبرتناک سزا دی جائے۔
متاثرہ بچیوں کی تدفین کر دی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے، اور تمام بیانات اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت میں ملزم کے خلاف لگائے گئے الزامات کا جائزہ ثبوتوں کی بنیاد پر لیا جائے گا۔