وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے کے تمام سرکاری محکموں، ماتحت اداروں اور خودمختار باڈیوں میں افسران و اہلکاروں کے تبادلوں، تقرریوں اور نئی بھرتیوں پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی صوبائی کابینہ کی تشکیل تک نافذالعمل رہے گی۔
وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے انتظامی سیکریٹریز، محکموں کے سربراہان اور پولیس حکام کو جاری مراسلے کے مطابق سرکاری تبادلے اور تعیناتیاں ہر سطح پر ممنوع قرار دے دی گئی ہیں۔ اس پابندی کا اطلاق مستقل، عارضی، کنٹریکٹ اور مختلف منصوبوں کی بنیاد پر ہونے والی بھرتیوں پر بھی ہو گا۔
مراسلے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی معاملے میں عوامی مفاد کے تحت فوری فیصلہ ضروری ہو تو متعلقہ محکمہ تفصیلی سمری وزیر اعلیٰ کی خصوصی منظوری کے لیے پیش کر سکتا ہے۔
تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور انہیں اپنے ماتحت اداروں تک پہنچانا یقینی بنایا جائے۔