کراچی کے ٹریفک قوانین پر آخرکار وہ آنکھ کھل گئی جو نہ جھپکتی ہے اور نہ نظر بچانے دیتی ہے۔ شہر قائد میں فیس لیس ای چالان سسٹم کے آغاز کے پہلے ہی روز صرف 6 گھنٹوں میں 2 ہزار 662 چالان جاری ہوئے جن کی مالیت سوا کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق یہ صرف شروعات ہے ابھی سسٹم کو تکنیکی طور پر مزید اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
ای چالان کے نظام کے نفاذ کے بعد صرف 6 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے،اوور اسپیڈنگ پر 419، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 1 ہزار 535، ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے پر 507، ریڈ لائن کراس کرنے پر 166، جبکہ لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 چالان کیے گئے۔
اس کے علاوہ کالے شیشوں والی گاڑیوں پر 7، غلط پارکنگ پر 5، موبائل فون استعمال کرنے پر 32، اور غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 3 چالان ہوئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جدید کیمرے خودکار نظام سے ویڈیو اور تصاویر کے ذریعے خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کر رہے ہیں اور چالان براہ راست شہریوں کے پتے پر بھیجے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ نظام رشوت، سفارش اور انسانی مداخلت سے پاک ہے جس کے باعث ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سیٹ بیلٹ باندھیں، سگنل کی پابندی کریں، موبائل فون سے پرہیز کریں، ہیلمٹ پہنیں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ اب ہر خلاف ورزی کی آنکھوں دیکھی گواہی آپ کے گھر تک پہنچ سکتی ہے۔