دنیا کے معمر ترین حکمران پال بیا دنیا وسطی افریقی ملک کیمرون کے آٹھویں مرتبہ صدر منتخب ہوگئے، اپوزیشن نے دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے حزبِ اختلاف کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے، تاہم انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد سیکیورٹی فورسز اور حزبِ اختلاف کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ حزبِ اختلاف کے امیدوار عیسی چیروما باکاری کے حامی لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس تھے۔
مظاہرین نے ملک کے تجارتی دارالحکومت دوالا میں سڑکیں ملبے اور جلتے ٹائروں سے بند کر دیں۔ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جنہوں نے ماسک پہن رکھے تھے یا اپنے چہروں کو کپڑوں سے ڈھانپ رکھا تھا۔ شہر کے دیگر حصوں میں وہ سڑکیں جو عام طور پر موٹر سائیکلوں سے بھری ہوتی تھیں، سنسان نظر آئیں۔
صدر پال بیا کو اس جیت کے بعد تقریباً 100 سال کی عمر تک اقتدار میں رہنے کا موقع مل سکتا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ان کی قیادت پر اعتماد کیا ہے اور انتخاب کے بعد کے تشدد پر افسوس کا اظہار کیا۔
گزشتہ روز جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق پال بیا دنیا نے 12 اکتوبر کے انتخابات میں 53.66 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ حزبِ اختلاف کے رہنما چیروما کو 35.19 فیصد ووٹ ملے۔
چیروما نے فیس بک پر کہا کہ پیر کو شمالی شہر گاروا میں ان کے گھر کے باہر شہریوں پر فائرنگ کی گئی جس سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔