پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے انجینئرنگ گروپ سیاپ کی جانب سے فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ ڈالنے کی مبینہ سازش ناکام بنا دی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق غیر قانونی تنظیم نے انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے جہازوں کی کلیئرنس روکنے کی کوشش کی تھی تاکہ فضائی آپریشن متاثر ہو۔ تاہم انتظامیہ نے فوری طور پر متبادل ذرائع اختیار کرتے ہوئے انجینئرنگ شعبے کے اہم افسران کے تعاون سے فلائٹ آپریشنز بحال کر دیے۔
ترجمان نے بتایا کہ انجینئرنگ گروپ کے غیر قانونی کام چھوڑنے کے باعث چند پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ ہوئیں، لیکن اب پروازیں روانہ ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
کراچی سے ٹورنٹو (PK783) اور اسلام آباد سے مانچسٹر (PK701) کی پروازیں بروقت روانہ ہوئیں، جبکہ لاہور سے مدینہ کی پرواز (PK747) 14 گھنٹے، کراچی سے جدہ (PK761) 12 گھنٹے، اسلام آباد سے دبئی (PK233) 9 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اسلام آباد سے دمام (PK245) اور سیالکوٹ سے ریاض (PK755) کی پروازیں 7،7 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں جبکہ چند پروازیں آپریشنل بوجھ کے باعث منسوخ کی گئیں۔
تمام متاثرہ مسافروں کو متبادل پروازوں کی پیشکش کر دی گئی ہے اور پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق فلائٹ آپریشن بہت جلد مکمل طور پر معمول پر آ جائے گا۔