نیپرا میں سماعت مکمل، بجلی مزید 45 پیسے مہنگی ہونے کا خطرہ!

image

تین ماہ کیلئے بجلی 45 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نیپرا نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست پر سماعت مکمل کرلی ہے۔

وفاقی حکومت نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 45 پیسے اضافے کی درخواست کر رکھی ہے۔ چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران اتھارٹی نے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

ڈسکوز نے پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 8 ارب 41 کروڑ روپے اضافے کا مطالبہ کیا جس سے صارفین پر تقریباً ساڑھے آٹھ ارب روپے کا بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

صارفین کے نمائندوں نے سماعت کے دوران اعتراض اٹھایا کہ وزیراعظم نے تین ماہ کیلئے بجلی 7 روپے 41 پیسے سستی کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب اضافے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گردشی قرض میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ زرعی و صنعتی صارفین کیلئے پیکیج کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

ممبر نیپرا رفیق شیخ نے ریمارکس دیے کہ موجودہ نظام میں گردشی قرض ختم نہیں ہوسکتا جب تک ڈسکوز کے نقصانات، بجلی چوری اور کم ریکوری کا مسئلہ حل نہیں ہوتا۔پاور ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ اضافی نقصانات اور کم ریکوری کے باعث مالی خسارہ بڑھا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US