پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ اور سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے تعاون سے 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے ٹریڈنگ اکاؤنٹس کھولنے کی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ یہ اقدام سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی رہنمائی میں عمل میں آیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد نئی نسل میں مالی آگاہی، بچت اور سرمایہ کاری کے رجحان کو فروغ دینا ہے، تاکہ کم عمر افراد کو ابتدائی سطح پر کیپٹل مارکیٹ میں شمولیت، مالی نظم و ضبط سیکھنے اور باضابطہ سرمایہ کاری کے مواقع حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔
جاری کردہ گائیڈ لائنز میں وضاحت کی گئی ہے کہ کم عمر افراد کے ٹریڈنگ اکاؤنٹس ان کے والدین یا عدالت کی جانب سے مقرر کردہ سرپرستوں کے ذریعے کھولے اور چلائے جا سکیں گے۔ ان ہدایات میں اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ کار، قواعد و ضوابط اور سیکیورٹی و کمپلائنس کے پہلوؤں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
مزید برآں گائیڈ لائنز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 18 سال کی عمر مکمل ہونے پر کم عمر سرمایہ کار کا اکاؤنٹ عام ٹریڈنگ اکاؤنٹ میں منتقل کیا جائے گا، جبکہ سرمایہ کی منتقلی پر ٹیکس کے ممکنہ اثرات کو بھی بیان کیا گیا ہے۔
پی ایس ایکس کے مطابق، یہ اقدام سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے اور مالی طور پر باشعور نوجوان نسل تیار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
گائیڈ لائنز کی تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔