پانچ ہفتوں بعد مہنگائی کی رفتار میں کمی، ہفتہ وار شرح 0.59 فیصد گھٹ گئی

image

ملک میں مسلسل پانچ ہفتوں سے جاری مہنگائی کی لہر کو بالآخر بریک لگ گئی۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ مہنگی جبکہ 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 4.18 فیصد پر آگئی ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران انڈے فی درجن 8 روپے 33 پیسے، بڑا گوشت 10 روپے 66 پیسے، چھوٹا گوشت 2 روپے 52 پیسے اور جلانے والی لکڑی 22 روپے 56 پیسے فی من مہنگی ہوئی۔ اسی طرح 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے 39 پیسے بڑھ کر 2195 روپے 81 پیسے تک پہنچ گیا جبکہ اڑھائی کلو گھی کا ٹن 2 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا۔

دوسری جانب کچھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی۔ ٹماٹر فی کلو 66 روپے 21 پیسے، پیاز 8 روپے 49 پیسے، لہسن 13 روپے اور زندہ مرغی 2 روپے 21 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ علاوہ ازیں چینی، دال مسور، دال ماش، دال چنا اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام برقرار رہا۔ ماہرین کے مطابق مہنگائی کی شرح میں کمی ایک مثبت اشارہ ہے تاہم اشیائے خورونوش کی مسلسل بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US