نمازِ جمعہ کے دوران اسکول کے اندر مسجد میں دھماکا۔۔ 54 افراد زخمی

image

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ایک اسکول کمپلیکس کے اندر واقع مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران دھماکا ہوا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

جکارتہ کے پولیس چیف اسیپ ایڈی سوہیری نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا شہر کے ایک ہائی اسکول کے قریب ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 54 افراد اس واقعے سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے کچھ کو معمولی جبکہ چند کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں، جب کہ بعض افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ بھی کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور فرانزک ٹیمیں، بشمول بم ڈسپوزل اسکواڈ، شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں تاکہ دھماکے کی اصل نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔

اسیپ سوہیری نے مزید بتایا کہ حکام نے دو اسپتالوں میں خصوصی سہولت مراکز قائم کر دیے ہیں تاکہ زخمیوں کے لواحقین کو اپنے اہلِ خانہ تک رسائی میں مدد دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں کیونکہ یہ واقعہ حال ہی میں پیش آیا ہے اور تفصیلات ابھی سامنے آ رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US