فرانس میں ایک شخص کے لیے گھر کا باغیچہ کھودنا زندگی کا سب سے غیر متوقع لمحہ ثابت ہوا۔ سوئمنگ پول بنانے کے لیے کی جانے والی عام سی کھدائی اچانک سونے کی تلاش میں بدل گئی جب زمین کے اندر سے لاکھوں ڈالر مالیت کا خزانہ برآمد ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیون کے قریب نیوویل سور کا رہائشی یہ شخص اپنے گھر کے پچھلے حصے میں کھدائی کر رہا تھا کہ اچانک اسے چند پلاسٹک کے تھیلے نظر آئے۔ تجسس کے باعث جب اس نے تھیلے کھولے تو اندر سے چمکتے ہوئے سونے کے بسکٹ اور سکے نکل آئے، جن کی مالیت تقریباً 8 لاکھ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
اس حیران کن دریافت کے بعد شہری نے فوراً مقامی حکام سے رابطہ کیا اور سونا حوالے کرنے کے بجائے اس کی اطلاع ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل افیئرز کو دی۔ انتظامیہ کے مطابق ابتدائی معائنے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خزانہ کسی قدیم آثار یا تاریخی ورثے سے تعلق نہیں رکھتا، لہٰذا فی الحال مالک کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ سونا اپنے پاس رکھے۔
حکام نے بتایا کہ خزانے کے اصل ماخذ کا پتا نہیں چل سکا جبکہ زمین کے پہلے مالک کی وفات ہو چکی ہے، جس کے باعث معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ فرانسیسی اخبار Le Progrès کے مطابق برآمد شدہ خزانے میں پانچ سونے کے بسکٹ اور متعدد سکے شامل ہیں جو حیرت انگیز طور پر اچھی حالت میں محفوظ تھے۔
یہ واقعہ پورے علاقے میں گفتگو کا موضوع بن گیا ہے، اور لوگ تجسس میں ہیں کہ شاید زمین کے نیچے اب بھی کوئی اور راز دفن ہو۔