قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے ٹیم کے اسکواڈ میں اپنی مرضی کے بغیر دو کھلاڑی شامل کیے جانے پر بنگلا دیش کے دورے سے انکار کر دیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم اتوار کے روز ڈھاکا روانہ ہوئی جہاں وہ تین میچوں کی سیریز کھیلے گی تاہم ہیڈ کوچ طاہر زمان ٹیم کے ہمراہ نہیں گئے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری رانا مجاہد کے مطابق طاہر زمان کو اس بات پر اعتراض تھا کہ واحد اور حماد نامی دو کھلاڑی، جنہوں نے قومی تربیتی کیمپ میں دیر سے شمولیت اختیار کی ٹیم میں شامل کیوں کیے گئے۔
رانا مجاہد نے وضاحت کی کہ فیڈریشن نے پہلے ہی یہ طے کیا تھا کہ جو کھلاڑی غیر ملکی لیگ کی مصروفیات کے باعث دیر سے رپورٹ کریں گے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ایسے کھلاڑیوں کی تعداد صرف دو نہیں بلکہ سات سے آٹھ تھی۔
ان کے مطابق طاہر زمان ایک اولمپین ہیں، انہیں ان مخصوص دو کھلاڑیوں پر اعتراض تھا، اس کی وجوہات وہ بہتر جانتے ہیں۔پی ایچ ایف کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ اگر طاہر زمان کے ساتھ معاملات طے نہ ہوئے، تو فیڈریشن جنوری میں ہونے والی پرو ہاکی لیگ کے لیے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرے گی۔
طاہر زمان کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ہیڈ کوچ تربیتی کیمپ میں ان دو کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے لیکن پی ایچ ایف کی جانب سے ان کی ٹیم میں شمولیت پر زور دیا گیا جس کے بعد طاہر زمان نے ٹیم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے تحت پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کا انعقاد اس مقصد سے کیا گیا ہے کہ جیتنے والی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کی اہل قرار پائے۔