دنیا بھر میں مسلمان سال میں ایک بار ماہِ رمضان اور ایک مرتبہ عیدالفطر مناتے ہیں، تاہم ہر 32 یا 33 سال بعد ایک انوکھا فلکیاتی اتفاق رونما ہوتا ہے جب یہ مقدس مہینہ اور تہوار ایک ہی سال میں دو بار آ جاتے ہیں۔
ماہرین فلکیات کے مطابق ایسا ہی منفرد موقع آئندہ چند برسوں میں آنے والا ہے۔ سن 2030 میں دنیا بھر کے مسلمان ایک ہی عیسوی سال میں دو مرتبہ ماہِ رمضان کا استقبال کریں گے، جبکہ 2033 میں عیدالفطر بھی دو بار منائے جانے کا امکان ہے۔
یہ صورتحال اسلامی قمری کیلنڈر اور عیسوی گریگورین کیلنڈر کے درمیان دنوں کے فرق کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ اسلامی سال 354 یا 355 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے جو عیسوی سال سے تقریباً 10 سے 11 دن کم ہے، اسی فرق کے باعث ہر 32 یا 33 سال بعد قمری مہینے ایک ہی عیسوی سال میں دوبارہ آ جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق 2030 میں پہلا رمضان ممکنہ طور پر 5 جنوری کو جبکہ دوسرا رمضان 26 دسمبر کے آس پاس شروع ہوگا، یوں اس سال روزوں کی مجموعی تعداد 35 یا 36 ہو سکتی ہے۔ اسی طرح 2033 میں پہلی عیدالفطر جنوری کے آغاز میں جبکہ دوسری عید دسمبر کے اختتام پر منائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اگرچہ فلکیاتی حسابات سے رمضان اور عید کی ممکنہ تاریخوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، تاہم حتمی اعلان ہر ملک میں چاند دیکھنے کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔ پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک میں رویتِ ہلال کے لیے انسانی مشاہدے پر انحصار کیا جاتا ہے۔